ہم روزانہ بے
شمار کاموں، باتوں اور ذمہ داریوں سے گزرتے ہیں۔ ہر چیز ذہن میں محفوظ نہیں رہتی،
اس لیے چیزوں کو لکھ لینا ضروری ہو جاتا ہے۔ اس کے لئے ہمیں اسٹیشنری
کی ضرورت پڑتی ہے۔ اسٹیشنری
کیا ہے؟ بہت آسان الفاظ میں اسٹیشنری ایک کاغذ اور ایک پنسل۔ اور باقی سب اس
کے مددگار: کاپی، شارپنر، ربڑ، ریک، فاؤنٹین پین، سیاہی، انک ریموور، پیپر کلپ،
اسٹیپلر، پنچ مشین، فائل کور، فائل ریک… یہ سب مل کر ہماری زندگی کو منظم کرتے
ہیں۔
ضروری
دستاویزات کی حفاظت
کچھ کاغذات
ایسے ہوتے ہیں جن کی سافٹ کاپی نہیں چلتی۔ لازمی طور پر ان کی ہارڈ کاپی درکار
ہوتی ہے: ڈرائیونگ
لائسنس، قومی شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بینک کا کریڈٹ کارڈ، چیک بُک، تعلیمی اسناد… یہ سب وہ
دستاویزات ہیں جنہیں محفوظ جگہ چاہیے۔ اس کے لیے گھرمیں ایک مضبوط شیلٖف یا
ریک ضروری ہے، تاکہ ہر چیز اپنی مخصوص جگہ پر رکھی جا سکے۔
گھر میں لکھنے
کی جگہ کی ضرورت
گھر میں ایک مطالعہ
یا لکھنے کی جگہ بہت ضروری ہے۔ ایک میز، آرام دہ کرسی، اور ساتھ ایک چھوٹی نوٹ
بک، تاکہ دن بھر کے کاموں کی فہرست لکھی جا سکے۔ گروسری لسٹ بھی
اسی نظام کا ایک حصہ ہے۔ روزمرہ کے بل بھی کاغذی ہوتے ہیں، اور انہیں ادائیگی کے
بعد سنبھال کر رکھنا پڑتا ہے، تاکہ مستقبل میں ضرورت پڑنے پر ریکارڈ موجود ہو۔
طبی دستاویزات
کی اہمیت
آپ کی طبی
رپورٹیں، ٹیسٹ، نسخے، معائنوں کی تفصیل یہ سب ایک فائل میں ہونا ضروری ہے۔ تاکہ ڈاکٹر آپ کا ماضی جان کر ہی درست علاج
تجویز کرے۔
چیزوں کو اپنی
جگہ پر رکھنے کی عادت
جیسا کہ میں
پہلے بھی لکھ چکا ہوں، چیزوں کو اپنی جگہ رکھنے کی عادت گھر میں نظم و ضبط
کے لیے بنیادی ہے۔ ہم ڈیجیٹل دور
میں ضرور ہیں، لیکن ہارڈ کاپی کا استعمال ختم نہیں ہوا۔ اب بھی لوگ لکھنا پسند
کرتے ہیں۔
تحریر کی اپنی
خوبصورتی
ہم اب ای میلز
اور میسجنگ ایپس سے بات چیت کرتے ہیں، مگر ایک خط لکھنے یا گریٹنگ کارڈ دینے کا
مزہ آج بھی الگ ہوتا ہے۔ وقت گزرنے کے بعد یہی دستاویزات تاریخ بن جاتی ہیں، اور
اکثر یہ خاندان کے لیے بہت اہم ثابت ہوتی ہیں۔ کبھی کبھی ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے
بارے میں جاننے کے لیے یہی محفوظ تحریریں مدد دیتی ہیں۔
اسٹیشنری اب
بھی دنیا بھر میں مقبول
بازار کی فروخت
بتاتی ہے کہ اسٹیشنری آج بھی دنیا بھر میں بکنے والی اہم اشیاء میں شامل ہے۔ اس کی
مانگ کم نہیں ہوئی۔
گھر میں اسٹڈی
روم ہونا چاہیے
آخر میں یہ بات
واضح ہے کہ ہر گھر میں ایک
مطالعہ یا لکھنے کی جگہ ضرور ہونی چاہیے، جہاں گھر کے تمام افراد اپنی
ضرورت کے مطابق بیٹھ کر لکھ سکیں، پڑھ سکیں یا اپنا کام منظم کر سکیں۔
لکھنے کو عادت
بنائیں۔ یہ اچھی عادت ہے۔ کبھی کبھی آپ
کے لکھے ہوئے الفاظ دوسروں کے لیے مشورہ، رہنمائی یا روشنی بن جاتے ہیں۔ مطالعے سے
متعلق میرا ایک اور بلاگ بھی دیکھیں، جو اسی موضوع کی توسیع ہے۔
“اپنے مستقبل کی پیش گوئی کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ خود اسے تخلیق کریں۔”
یہ قول امریکہ کے مشہور سیاسی رہنما ابراہم لنکن سے منسوب ہے۔
اس جملے کا مطلب یہ ہے کہ آنے والے کل کو جاننے کا بہترین راستہ یہ نہیں کہ ہم انتظار کریں، بلکہ خود اس کے خالق بنیں۔ جب ہم اپنے مستقبل کے فیصلوں میں خود شامل ہوتے ہیں تو ہم اپنی زندگی کے واقعات کے اصل معمار بنتے ہیں۔ اگر ہمیں معلوم ہو کہ ہم زندگی میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو یہ شعور ہمیں تحریک دیتا ہے کہ ہم ویسا ہی عمل کریں، جیسا ہمیں اپنے مقصد تک پہنچنے کے لیے کرنا چاہیے۔
یوں ہم اپنی زندگی کو اچھی سے بہترین بنا سکتے ہیں۔
مستقبل کی سوچ — ایک بہتر زاویہ
عام طور پر لوگ مستقبل کو ایک غیر یقینی چیز سمجھتے ہیں، جس پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں۔ مگر ایک مثبت سوچ یہ ہے کہ ہم مستقبل کو سوچنے اور ڈیزائن کرنے کا عمل بنائیں۔
یعنی یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آنے والے وقت میں کیا بدلے گا اور کیا ویسا ہی رہے گا۔
یہ اندازِ فکر ہمیں اپنی زندگی کے بہتر منصوبے بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
جیسا کہ تھامس مونسن نے کہا تھا:
“اگر ہم آج کچھ نہیں کرتے، تو کل یاد رکھنے کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔”
لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے حال کو مقصد، حوصلے اور اطمینان کے ساتھ گزاریں، کیونکہ یہی کل کے محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔
بہتر مستقبل کے لیے چند عملی طریقے
ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کی زندگی محفوظ اور پُرسکون ہو، یعنی ایک محفوظ مستقبل۔
ہم اپنی زندگی کا بڑا حصہ اسی کوشش میں گزارتے ہیں۔
اگر ہم چند سادہ عادات اپنائیں اور اپنی طرزِ زندگی میں چھوٹے مگر مثبت تبدیلیاں لائیں، تو ہم اپنے کل کو آج سے بہتر بنا سکتے ہیں۔
مثبت رویہ اپنائیں
زندگی میں مثبت سوچ ہمیشہ فائدہ مند ہوتی ہے۔
ترقی پسند اندازِ زندگی، تبدیلیوں کو قبول کرنے کی صلاحیت، اور دعا و امید کے ساتھ آگے بڑھنے کا جذبہ ہمارے مستقبل کو روشن بناتا ہے۔
اپنے خوابوں کا تصور واضح کریں
حقیقی خواب دیکھنا ایک نعمت ہے، مگر خواب کافی نہیں۔
انھیں حقیقت بنانے کے لیے مقصد کے ساتھ محنت اور لگن ضروری ہے۔
صرف خواب نہیں، جدوجہد بھی لازم ہے۔
کسی اچھے لائف کوچ سے رہنمائی لیں
انسانی سپورٹ ہمیشہ قیمتی ہوتی ہے۔
اکیلے بڑے مقاصد حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔
زندگی میں کسی ایسے شخص کی رہنمائی، مشورہ یا اخلاقی سہارا ضروری ہے جو ہمیں مشکل وقت میں سمت دے سکے۔
زندگی کے واضح مقاصد طے کریں
محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ ہم مخصوص اہداف طے کریں۔
پھر ان اہداف تک پہنچنے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ بنائیں تاکہ منزل آسان ہو جائے۔
خوش امید رہیں
امید زندگی کی سانس ہے۔
ایک خوش گوار اور پرامید سوچ زندگی میں آکسیجن کا کام دیتی ہے۔
اپنی غلطیوں کی ذمہ داری خود لیں
اگر ہم اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں کو دیتے رہیں، تو ہم کبھی بہتر نہیں بن سکتے۔
سوچ سمجھ کر فیصلے کریں، اور ان کے نتائج قبول کرنے کا حوصلہ رکھیں۔
مثبت ماحول میں کام کریں
ہمارا ماحول ہماری کارکردگی پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔
حوصلہ افزا ماحول میں کام کرنا کامیابی کے امکانات بڑھاتا ہے۔
جب اردگرد لوگ حوصلہ دیں، تو کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے۔
لچکدار رہیں
زندگی میں سختی یا ضد کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے۔
اپنے اہداف میں لچک پیدا کریں۔
جتنا وسیع آپ کا وژن ہوگا، اتنے ہی زیادہ مواقع آپ کے سامنے آئیں گے۔
بڑے مقاصد کے لیے چھوٹے قدم اٹھائیں
بہت بڑے خواب اگر بغیر منصوبے کے دیکھے جائیں تو وہ بوجھ بن جاتے ہیں۔
لہٰذا بہتر ہے کہ ہم اپنے بڑے اہداف کو چھوٹے قابلِ حصول حصوں میں تقسیم کریں۔
ہر چھوٹی کامیابی حوصلہ بڑھاتی ہے، اور یہی حوصلہ کامیابی کی کنجی ہے۔
خود کا خیال رکھیں
کامیابی کی دوڑ میں اپنے آپ کو نہ بھولیں۔
اچھی صحت، متوازن غذا اور مناسب آرام ضروری ہیں۔
اگر ہم خود کو نظرانداز کریں تو ہم کسی بھی کامیابی سے لطف نہیں اٹھا سکتے۔
اگر ہم دعا، منصوبہ بندی، محنت اور مثبت سوچ کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں،
تو ہم نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول میں بھی مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
دنیا بدل چکی ہے، لیکن مزے کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ ابھی تک پرانی دنیا کے اصولوں پر چل رہے ہیں۔ صبح دفتر جانا، شام کو تھکا ہارا واپس آنا، ٹریفک میں وقت ضائع کرنا، اور پھر شکایت کرنا کہ وقت کہاں گیا۔ لیکن اگر آپ آنکھ کھول کر دیکھیں تو آج کے دور میں ایک نیا راستہ کھلا ہے: آن لائن لرننگ – ہزاروں کمائیں۔ یہ جملہ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ حقیقت ہے، مگر شرط یہ ہے کہ آپ سمجھ داری سے کھیل کھیلیں۔
آن لائن لرننگ کی دنیا کسی بڑے سمندر کی طرح ہے۔ آپ چاہیں تو کنارے پر بیٹھ کر صرف لہریں گنیں، مگر لہریں گننے سے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا اس لئے ہمت کر کے اس میں چھلانگ لگائیں۔ کچھ لوگ چھلانگ لگاتے ہیں اور گھبرا کے فوراً واپس کنارے پر آ جاتے ہیں، لیکن جو تیرنا سیکھ لیتے ہیں وہ اپنی کشتی خود چلاتے ہیں۔ اور پھر تھوڑے ہی عرصہ میں آپ کمال مہارت سے کشتی کو چلانے لگتے ہیں۔ یہیں سے کامیابی کا آغاز شروع ہوتا ہے۔
یہ سب سنتے دیکھتے اکثر لوگ ہنس پڑتے ہیں اور وہ کہتے ہیں، ’’اگر اتنا ہی آسان ہوتا تو سب لوگ گھر بیٹھے کروڑ پتی بن چکے ہوتے۔‘‘ آن لائن لرننگ کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ بس ایک کورس کیا اور اگلے دن ڈالر کی بارش ہونے لگ گئی۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے آپ جم جا کر ایک دن میں باڈی بلڈر نہیں بن جاتے۔ لیکن اگر مستقل مزاجی ہو، تو چھ ماہ بعد فرق خود نظر آتا ہے۔
آن لائن لرننگ کے ذریعے کمانے کے ہزاروں راستے ہیں۔ کسی کو انگلش اچھی آتی ہے تو وہ فری لانسنگ میں کنٹینٹ رائٹنگ شروع کر لیتا ہے، کسی کو ڈیزائننگ پسند ہے تو وہ لوگو بناتا ہے۔ کوئی یوٹیوب چینل کھول لیتا ہے اور آہستہ آہستہ پیسے آنے لگتے ہیں۔ اصل مزہ یہ ہے کہ یہ سب کچھ آپ اپنی مرضی کے وقت میں کرتے ہیں۔ نہ باس کی ڈانٹ، نہ حاضری کی ٹینشن، نہ ٹریفک کی جھنجھٹ۔ لیکن یہاں ایک مسئلہ ہے: یہ سب صرف تب ہوتا ہے جب آپ واقعی سیکھنے کے لئے سنجیدہ ہوں۔
اکثر لوگ کورس خریدتے ہیں، دو دن ویڈیو دیکھتے ہیں، تیسرے دن کہتے ہیں یہ سب بکواس ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آن لائن لرننگ آپ کے صبر اور محنت کا امتحان ہے۔ آپ کو لگتا ہے کہ یہ سارا کھیل صرف ٹیکنیکل ہے، لیکن اصل راز "تسلسل" ہے۔ اگر آپ نے ایک مہینے تک محنت کی اور پھر چھوڑ دیا تو یہ ویسے ہی ہے جیسے آپ نے آدھی کہانی چھوڑ دی۔ پیسہ تبھی آتا ہے جب آپ ہمت نہیں ہارتے۔
میری نظر میں آن لائن لرننگ کو سب سے بہتر طریقے سے دیکھنے کا زاویہ یہ ہے کہ یہ ایک نئی زبان سیکھنے جیسا ہے۔ شروع میں حروف سمجھ نہیں آتے، پھر جملے بننے لگتے ہیں، اور ایک وقت آتا ہے کے آپ پورا کا پورا مضمون لکھ لیتے ہیں۔ بالکل ویسے ہی، پہلے پہل آپ کو لگے گا کہ فری لانسنگ پلیٹ فارم بہت مشکل ہیں، یوٹیوب پر ویوز نہیں آ رہے، یا کوئی کلائنٹ ریپلائی نہیں کر رہا۔ لیکن اگر آپ نے یہ وقت نکال لیا، تو پھر آہستہ آہستہ کمائی شروع ہو جاتی ہے۔
یہاں پر ایک بات سمجھ لیں: آن لائن لرننگ سے کمائی کا تعلق صرف "کورس کرنے" سے نہیں بلکہ "کورس کو عمل میں لانے" سے ہے۔ ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ یوٹیوب پر ویڈیو دیکھتے ہیں، دو نوٹس بناتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ ایکسپرٹ ہو گئے ہیں۔ یہ وہی بات ہے جیسے آپ نے ڈرائیونگ کے سارے اصول یاد کر لیے لیکن کبھی گاڑی اسٹارٹ ہی نہیں کی۔ جب تک پریکٹس نہیں کریں گے، پیسے نہیں آئیں گے۔
اب مزے کی بات بتاؤں؟ یہ آن لائن لرننگ صرف نوجوانوں کے لیے نہیں ہے۔ ہمارے معاشرے میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ بس طالبعلم یا بیس پچیس سال کے لڑکے لڑکیاں ہی سیکھ سکتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج پچاس سال کے لوگ بھی یوٹیوب چینل چلا رہے ہیں، فری لانسنگ کر رہے ہیں، اور اچھا خاصا کما رہے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ کچھ لوگ ہمت کرتے ہیں اور کچھ بہانے بنا لیتے ہیں۔
ایک اور چیز جو آن لائن لرننگ کو دلچسپ بناتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ آپ کو خود اعتمادی دیتی ہے۔ جب آپ کو پہلی بار اپنی محنت کے ڈالر ملتے ہیں تو ایک خوشی ہوتی ہے کہ ہاں، یہ میں نے کیا ہے۔ وہ خوشی کسی تنخواہ کے چیک میں نہیں ہوتی۔ یہ خوشی اصل میں "خود انحصاری" کی خوشی ہے۔ اور یہی خوشی آپ کو مزید آگے بڑھنے پر مجبور کرتی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ آخر یہ ’’ہزاروں کمائیں‘‘ کہاں سے شروع ہوتا ہے؟ دیکھیں، پہلے تو یہ "سو" سے شروع ہوتا ہے۔ پھر "ہزار" بنتا ہے۔ اور آہستہ آہستہ یہ اتنا بڑھتا ہے کہ آپ کو لگتا ہے واقعی یہ ممکن ہے۔ لیکن شرط یہ ہے کہ آپ کہیں سے شروع کریں۔ اگر آپ سوچتے رہیں گے کہ ’’ایک دن شروع کروں گا‘‘ تو پھر یقین کریں وہ دن کبھی نہیں آئے گا۔
آن لائن لرننگ اور کمانے کے مواقع
آن لائن لرننگ کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ صرف ڈگری یا سند حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ اس نے ایک ایسا دروازہ کھول دیا ہے جہاں سے براہِ راست آمدن بھی ممکن ہے۔ آج کل کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ آپ نے کہاں سے پڑھا ہے، لوگ یہ دیکھتے ہیں کہ آپ کو آتا کیا ہے اور کتنا آتا ہے۔ اگر آپ کو گرافک ڈیزائننگ آتی ہے، چاہے آپ نے یوٹیوب سے سیکھی ہو یا کسی مہنگے ادارے سے، کلائنٹ کو اس سے کوئی غرض نہیں۔ اُسے تو بس یہ پرواہ ہے کہ آپ اُس کا کام کتنا اچھا اور وقت پر کر سکتے ہیں۔
یہی وہ موقع ہے جہاں آن لائن لرننگ ایک قدم آگے بڑھ کر آپ کو آن لائن ارننگ کے دروازے تک لے آتی ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ نے کچھ وقت لگا کر ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھی ہے تو آپ چھوٹے موٹے یوٹیوب چینلز یا سوشل میڈیا ہینڈلز کے لیے ایڈیٹنگ شروع کر سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ آمدن شاید زیادہ نہ ہو، لیکن یہ وہ بنیاد ہے جو بعد میں آپ کو ہزاروں کما کر دیتی ہے۔
فری لانسنگ پلیٹ فارمز کا استعمال
آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ لوگ فائیور، اپ ورک، یا فری لانسر پر کام کر کے اچھی خاصی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن یہاں ایک راز کی بات ہے۔ یہ پلیٹ فارم صرف اُن لوگوں کے لیے کامیاب ہوتے ہیں جو واقعی اپنے ہنر پر محنت کرتے ہیں۔ صرف پروفائل بنا کر بیٹھ جانے سے کچھ نہیں ہوتا۔ میں نے ایسے کئی لوگ دیکھے ہیں جو کہتے ہیں “پروفائل بنایا ہے لیکن کام نہیں ملا”، اصل مسئلہ یہ ہے کہ آن لائن لرننگ کا صحیح استعمال نہیں کیا۔ اگر آپ نے کورس کر لیا ہے تو اُس ہنر کی بار بار پریکٹس کریں، اُس کی چھوٹی چھوٹی ڈیمو ویڈیوز یا سیمپل بنائیں اور پروفائل پر اپ لوڈ کریں۔ یہ وہ چھوٹی لیکن کارآمد عادت ہے جو کلائنٹس کو متاثر کرتی ہے۔
یوٹیوب اور کانٹینٹ کریئیشن
اب ذرا بات کرتے ہیں یوٹیوب کی۔ یوٹیوب کو اکثر لوگ صرف تفریح سمجھتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بھی ایک مکمل یونیورسٹی ہے اور ایک مکمل مارکیٹ پلیس۔ اگر آپ نے آن لائن لرننگ کے ذریعے کوئی بھی ہنر سیکھا ہے تو اُسے یوٹیوب پر دوسروں کو سکھا سکتے ہیں۔ شروع میں شاید آپ کے ویوز کم ہوں، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جب آپ کا کانٹینٹ بہتر ہوتا جائے گا تو نہ صرف لوگ آپ سے سیکھیں گے بلکہ یوٹیوب آپ کو پیسے بھی دے گا۔
یہاں مزے کی بات یہ ہے کہ آپ کو صرف پروفیشنل ماسٹر ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کو بس اتنا آنا چاہیے کہ دوسروں کو سمجھا سکیں۔ یاد رکھیں، یوٹیوب پر وہی زیادہ کامیاب ہوتا ہے جو سیدھے سادے لفظوں میں بات کرتا ہے۔ لوگ کتابی بات سننے کی بجائے نیچرل انداز کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
آن لائن کوچنگ اور کلاسز
اگر آپ کے پاس کوئی خاص مہارت ہے، جیسے زبان سکھانا، کمپیوٹر پروگرامنگ یا حتیٰ کہ کھانا پکانے کے گر، تو آپ آن لائن کوچنگ شروع کر سکتے ہیں۔ یہ بھی ایک ابھرتا ہوا میدان ہے۔ کئی لوگ گھروں سےزوم یا گوگل میٹ کے ذریعے کلاسز لے رہے ہیں اور ماہانہ اچھی خاصی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔ اس کی ایک سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ آپ براہِ راست لوگوں سے رابطہ میں ہوتے ہیں، اور آپ کا تعلق صرف ایک کمپیوٹر اسکرین تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایک انسانی رشتہ بھی قائم ہوتا ہے۔
چھوٹے پروجیکٹس سے بڑے سفر تک
آن لائن لرننگ اور کمانے کا اصل راز یہ ہے کہ آپ چھوٹے سے کام سے آغاز کریں۔ اکثر لوگ یہ سوچ کر ہمت ہار جاتے ہیں کہ “اس میں تو زیادہ پیسے نہیں ملتے” لیکن حقیقت یہ ہے کہ بڑے پروجیکٹس تک پہنچنے کے لیے چھوٹے پروجیکٹس ہی سیڑھی بنتے ہیں۔ جیسے کوئی مصور پہلے چھوٹے کینوس پر ہاتھ آزماتا ہے، پھر بڑی پینٹنگز بناتا ہے۔ اسی طرح آپ بھی آن لائن لرننگ سے سیکھے ہوئے ہنر کو چھوٹے چھوٹے پروجیکٹس میں آزما کر اعتماد حاصل کریں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ چھوٹے پروجیکٹس بڑے مواقع کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
حقیقت پسندی اور توقعات
اب یہاں ایک بات ایمانداری سے کرنی چاہیے۔ آن لائن لرننگ اور کمانے کا خواب ضرور خوبصورت ہے لیکن یہ صرف اُن کے لیے حقیقت بنتا ہے جو صبر اور محنت سے کام کرتے ہیں۔ اگر کوئی یہ سوچے کہ آج کورس کیا اور کل ہزاروں کما لوں گا، تو یہ ویسا ہی خواب ہے جیسا کوئی بچہ پہلی بار سائیکل پر بیٹھ کر فوراً ریس لگانے کی کوشش کرے۔ حقیقت یہ ہے کہ راستے میں بار بار گرنا پڑے گا، لیکن ہر گرنے کے بعد اٹھنا ہی اصل کامیابی ہے۔
مشکلات اور حقیقت پسندانہ پہلو
اب یہاں ایک بات کہنا ضروری ہے۔ آن لائن لرننگ کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ آج کورس شروع کیا اور کل صبح آنکھ کھلتے ہی آپ کے اکاؤنٹ میں ہزاروں روپے جمع ہو گئےہوں۔ یہ وہی خواب ہے جو اکثر یوٹیوب کے اشتہارات اور بڑے بڑے دعوے کرنے والے دکھاتے ہیں۔ حقیقت تھوڑی مختلف ہے اور کبھی کبھی تھوڑی کڑوی بھی ہوتی ہے۔
سب سے پہلے مسئلہ وقت کا ہے۔ آن لائن لرننگ بظاہر تو آسان لگتی ہے جب دل چاہا کلاس لے لی۔ مگر اصل امتحان یہ ہے کہ "دل کب چاہتا ہے؟" اکثر انسان کہتا ہے "اچھا شام کو پڑھ لوں گا"، شام آتی ہے تو چائے کے کپ کے ساتھ موبائل ہاتھ میں آ جاتا ہے اور بس پھر واٹس ایپ یا فیس بک کی سیر شروع ہوجاتی ہے۔ اگلے دن ضمیر ہلکا سا کھٹکھٹاتا ہے کہ بھائی کل نہیں پڑھا، آج کچھ کر لے، لیکن پھر آج بھی کچھ ایسا نکل آتا ہے کہ وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ یہ سب پڑھنے والا ہر شخص جانتا ہے، اور یہی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ مضمون ہمارے سلسلے کا حصہ ہے جس میں موبائل فون کے مثبت اور منفی اثرات پر بات کی گئی ہے۔
مکمل تفصیل کے لیے ہمارا مضمون موبائل فون ملاحظہ کریں۔
پھر دوسرا مسئلہ یکسوئی کا ہے۔ آن لائن کلاس میں استاد آپ کے سامنے کھڑا نہیں، کوئی آپ کو دیکھ نہیں رہا، کوئی آپ کا نام لے کر کہہ نہیں رہا کہ "تم یہ سوال حل کرو"۔ سب کچھ آپ کے اپنے اوپر ہے۔ اور ضمیر بیچارہ بھی آخر انسان ہے، وہ کہتا ہے "چلو کل کر لیں گے"۔ جو کبھی آتی نہیں۔
اب تھوڑا سا مالی پہلو بھی دیکھ لیتے ہیں۔ لوگ کہتے ہیں "آن لائن لرننگ کرو اور ہزاروں کماؤ"۔ سچ یہ ہے کہ کمائی بالکل ممکن ہے مگر یہ اس وقت جب آپ اس ہنر کو واقعی سیکھ لیں اور اس پر محنت کریں۔ ایک عام کورس کرنے کے بعد یہ سوچنا کہ اب کلائنٹس لائن میں لگ جائیں گے، ایسا کبھی نہیں ہوتا۔ دراصل یہ سفر ایسے ہے جیسے کوئی درخت لگاتے ہیں، پہلے بیج بویا جاتا ہے، پھر پانی دیا جاتا ہے، مہینوں بعد جا کے پودا نکلتا ہے، پھر سالوں بعد وہ تناور درخت بنتا ہے۔ آن لائن کمائی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھے کہ دو کورس کر کے اگلے ہفتے گاڑی خرید لے گا تو یہ خواب تھوڑا جلدی دیکھ لیا گیا ہے۔
پھر ایک اور چیز ہے "فیک کورسز"۔ مارکیٹ میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو صرف پیسہ بنانے کے لیے آن لائن کورس بیچتے ہیں۔ وہ بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں: "اس کورس کے بعد آپ مہینے کے دو لاکھ روپے کما لیں گے"۔ حقیقت یہ ہے کہ ان میں سے اکثر کورس بس وہی چیزیں بتاتے ہیں جو گوگل پر مفت مل جاتی ہیں۔ اصل فرق یہ ہے کہ آپ کو وہ راستہ کون سا استاد بتاتا ہے جو حقیقت میں خود بھی اس فیلڈ میں کچھ کر رہا ہو۔ یہ پہچاننا ذرا مشکل ہے لیکن ضروری ہے۔
مشکل یہ بھی ہے کہ آن لائن لرننگ کا میدان بہت بڑا ہے۔ آپ کہیں گے کہ "میں نے گرافکس ڈیزائن سیکھنا ہے"۔ اب گرافکس ڈیزائن میں ہی اتنے کورسز، اتنے سافٹ ویئر اور اتنے ٹولز ہیں کہ بندہ سوچتا ہے کہاں سے شروع کروں۔ پھر کبھی سوچتے ہیں کہ "چلو ویب ڈویلپمنٹ کر لیتے ہیں"۔ پھر دل کہتا ہے کہ "ڈیجیٹل مارکیٹنگ زیادہ زبردست ہے"۔ نتیجہ یہ کہ بندہ سیکھنے کے بجائے بس سوچنے میں ہی اپنا وقت ضائع کر دیتا ہے۔ جیسے بازار میں جائیں اور اتنی دکانیں ہوں کہ سمجھ نہ آئے روٹی کس سے خریدنی ہے۔ آپ کو کہیں نہ کہیں اور صفر سے شروع کرنا ہوگا۔
اور ہاں، ایک حقیقت اور بھی ہے۔ آن لائن لرننگ کے ساتھ تنہائی کا احساس بھی جڑا ہوا ہے۔ کلاس روم میں ساتھ بیٹھنے والے دوست ہوتے ہیں، استاد کا ذرا سا ڈانٹ دینا بھی حوصلہ بن جاتا ہے۔ لیکن آن لائن سب کچھ آپ اور آپ کا لیپ ٹاپ ہے۔ کبھی کبھی یہ تنہائی حوصلہ توڑ دیتی ہے اور بندہ سوچتا ہے کہ چھوڑو، رہنے دو۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں زیادہ تر لوگ ہار مان جاتے ہیں۔
لیکن اگر آپ یہ مشکلات سمجھ لیں، حقیقت کو حقیقت کی طرح قبول کر لیں اور اپنے اندر مستقل مزاجی پیدا کر لیں تو پھر یہ رکاوٹیں اتنی بڑی نہیں رہتیں۔ بلکہ یوں لگتا ہے جیسے یہ وہی چھوٹی چھوٹی آزمائشیں ہیں جو اصل کامیابی کے راستے میں پڑتی ہیں۔
آن لائن لرننگ کے مواقع اور کامیابیاں
دنیا کا سب سے دلچسپ اور مزے کا پہلو یہ ہے کہ جب انسان کچھ سیکھ لیتا ہے۔ کچھ لوگ تو صرف وقت پاس کرنے کے لیے سیکھنا شروع کرتے ہیں اور پھر جب انہیں پتہ چلتا ہے کہ یہی سیکھا ہوا علم چند ہزار کی آمدنی بھی دے سکتا ہے تو ان کا جذبہ آسمان کو چھونے لگتا ہے۔
آپ سوچیں، ایک خاتون جو گھر کے کاموں میں مصروف رہتی تھی، اُس نے شوقیہ یوٹیوب پر کُکنگ ویڈیوز دیکھنا شروع کیں۔ پھر اس نے کہا: ’’میں کیوں نہ اپنی ترکیبیں ریکارڈ کروں؟‘‘ آج وہی خاتون نہ صرف یوٹیوب چینل چلا رہی ہے بلکہ اپنے ہی محلے کے لوگوں کو باورچی خانہ کی ماہر لگتی ہے۔ اس کی ویڈیوز پر آنے والے کمنٹس اسے اتنی خوشی دیتے ہیں کہ وہ کہتی ہے: ’’پہلے میں صرف سالن پکاتی تھی، اب سالن بھی کماتی ہوں۔‘‘
اسی طرح ایک نوجوان لڑکے نے گرافکس ڈیزائننگ سیکھی۔ شروع میں تو دوستوں کے لئے لوگو بناتا رہا، کبھی فری میں، کبھی چائے کے بدلے۔ لیکن جب اسے آن لائن پلیٹ فارمز پر کلائنٹس ملنے لگے تو اُس نے کہا: ’’بھئی یہ تو میں نے سوچا بھی نہ تھا۔‘‘ اب وہ دن رات پراجیکٹس میں مصروف ہے اور دوستوں کو فخر سے بتاتا ہے کہ ’’کلائنٹ نے مجھے ڈالر میں پیسے بھیجے ہیں‘‘۔ یقین مانیے، ڈالر کے ساتھ خوشی بھی تین گنا بڑھ جاتی ہے۔
آن لائن لرننگ کا سب سے بڑا موقع یہ ہے کہ یہ کسی کے بھی حالات کو بدل سکتی ہے۔ آپ چاہیں تو صبح کے وقت اپنا کام کریں، شام کو تھوڑا سیکھیں، یا رات کو کمرے میں بیٹھ کر کسی کورس کی ویڈیو دیکھ لیں۔ کوئی ٹائم ٹیبل ایسا نہیں کہ ’’آٹھ بجے آفس پہنچنا ہے‘‘ یا ’’نو بجے چھٹی ملنی ہے‘‘۔ یہ آزادی ہی اصل طاقت ہے۔ اور شاید اسی لیے لوگ کہتے ہیں کہ آن لائن لرننگ صرف تعلیم نہیں دیتی بلکہ آپ کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہے۔
کامیابیاں صرف پیسے تک محدود نہیں ہوتیں۔ کچھ لوگوں نے اپنی خود اعتمادی واپس پائی ہے۔ ایک لڑکی جو ہمیشہ کلاس میں خاموش بیٹھتی تھی، آن لائن کورسز کے ذریعے بولنے اور لکھنے میں ماہر ہو گئی۔ آج وہ فری لانسنگ کے ساتھ ساتھ اپنے اسکول کے بچوں کو بھی پڑھاتی ہے۔ اُس کے والدین کہتے ہیں کہ ’’ہماری بیٹی اب وہی نہیں رہی جو کبھی ڈرپوک تھی‘‘۔ یہ کامیابی ہزاروں روپے سے بھی بڑی ہے۔
مزے کی بات یہ ہے کہ کبھی کبھی کامیابی ایسی جگہ سے ملتی ہے جہاں آپ نے سوچا بھی نہ ہو۔ مثال کے طور پر ایک لڑکے نے صرف شوقیہ فوٹو ایڈیٹنگ سیکھی تھی۔ اُس نے انسٹاگرام پر اپنی چند تصویریں اپ لوڈ کیں۔ کسی کمپنی نے دیکھا اور فوراً اُسے آفر دے دی۔ اُس دن اُس نے کہا: ’’میں نے سوچا تھا کہ یہ تصویریں صرف لائکس لائیں گی، لیکن یہ تو پیسے بھی لے آئیں ہیں۔‘‘
اصل میں آن لائن لرننگ ایک ایسی کھڑکی ہے جو ہر کسی کے لیے کھلی ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ آپ اس کھڑکی کے قریب آئیں۔ آپ چاہے طالب علم ہیں، نوکری پیشہ ہیں یا گھر بیٹھے فارغ، سب کے لیے کوئی نہ کوئی موقع موجود ہے۔ اور یہی وہ جگہ ہے جہاں سے ہزاروں کمائے جا سکتے ہیں۔ ہاں، شرط یہ ہے کہ لگن، صبر اور تھوڑی سی محنت ساتھ ہو۔ کیونکہ بغیر محنت کے صرف یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے سے صرف نیند ہی آتی ہے، آمدنی نہیں۔ محنت کیا ہے؟ آپ نے اگر کوئی کام شروع کیا ہے تو پھر اس کو مکمل کرنا ہے جو کہ مشکل ہوتا ہے۔ اس کو وقت بھی دینا پڑتا ہے۔ اور یہی آپ کو آن لائن لرننگ – ہزاروں کما کر دے گا۔
پر شائع ہوا تھا۔ goodtobest.co یہ مضمون سب سے پہلے ہماری ویب سائٹ
اچھا بولنا ایک بڑی صلاحیت ہے، لیکن اچھی طرح سننا اس سے بھی بڑی خوبی ہے۔ ایک اچھا مقرر وہی بن سکتا ہے جو ایک اچھا سامع بھی ہو، ورنہ وہ مؤثر انداز میں بات نہیں کر سکتا۔ سننا ہمیں بالواسطہ طور پر دانش، علم اور تجربہ عطا کرتا ہے۔ یہ عمل ہماری روزمرہ زندگی میں گھر، دفتر، اسکول، کلاس رومز اور سماجی حلقوں میں مسلسل جاری رہتا ہے۔ ایک وقت میں ایک شخص بولتا ہے اور کئی دوسرے سنتے ہیں، اس طرح سننے کا عمل بولنے سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
اچھا سننا کیا ہے؟
اچھا سننا یہ ہے کہ جب کوئی بول رہا ہو تو اپنی اگلی بات کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں۔ اس طرح آپ بہتر طور پر سمجھ پائیں گے کہ سامنے والا کیا کہنا چاہتا ہے۔ ہم درج ذیل باتوں کا خیال رکھ کر اچھے سامع بن سکتے ہیں:
نظر کا رابطہ قائم رکھیں
جس شخص سے بات ہو رہی ہے، اس کی طرف دیکھنا اس بات کا اظہار ہے کہ آپ پوری توجہ دے رہے ہیں۔ اگر آپ نظریں ہٹا لیں، چاہے آپ سن ہی رہے ہوں، تو یہ تاثر ملتا ہے کہ آپ غیر دلچسپی یا لاپرواہی برت رہے ہیں، جو بولنے والے کو پریشان کر دیتا ہے۔
چہرے کے تاثرات سے دلچسپی ظاہر کریں
سر ہلانا، مسکرانا، یا ہلکا سا جھکاؤ دینا — یہ سب تاثرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ آپ بات کو سمجھ رہے ہیں اور دلچسپی سے سن رہے ہیں۔ اس سے بولنے والے کو اطمینان ہوتا ہے کہ اس کی بات اثر ڈال رہی ہے۔
سوالات کریں
اچھا سننا صرف خاموش رہنے کا نام نہیں، بلکہ سمجھنے اور وضاحت حاصل کرنے کا عمل بھی ہے۔ سوال پوچھنے سے نہ صرف بات چیت آگے بڑھتی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آپ حقیقتاً موضوع کو سمجھنا چاہتے ہیں۔
مداخلت نہ کریں
اگرچہ سوال پوچھنا ضروری ہے، مگر بولنے والے کو بیچ میں نہ ٹوکیں۔ پہلے اسے اپنی بات مکمل کرنے دیں، پھر سوال کریں یا رائے دیں۔ اس طرح آپ بولنے والے کو اعتماد اور سکون کا احساس دیتے ہیں۔
خلاصہ بیان کریں
جب آپ بولنے والے کی بات اپنے الفاظ میں دہراتے ہیں، تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ پوری توجہ سے سن رہے ہیں۔ اگر آپ دھیان نہ دیتے، تو آپ بات کو اپنے لفظوں میں پیش ہی نہ کر پاتے۔
سننے کی مختلف اقسام
محتاط سننا (Careful Listening)
اوپر بیان کیے گئے تمام نکات محتاط سننے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ بنیادی اور ضروری ہیں۔ ان کے بغیر مؤثر انداز میں کسی کی بات سننا ممکن نہیں۔
ہمدردانہ سننا (Sympathetic Listening)
ایک اچھا سامع صرف محتاط نہیں بلکہ ہمدرد بھی ہونا چاہیے۔ کبھی ہم کسی کی بات بہت دھیان سے سنتے ہیں مگر ہماری سننے سے بولنے والے کو کوئی عملی مدد نہیں ملتی۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم توجہ کے ساتھ احساس بھی رکھیں تاکہ بولنے والے کی بات کا مثبت جواب دے سکیں۔ اس رویے سے بولنے والے کو ذہنی سکون اور اعتماد حاصل ہوتا ہے۔
ہمدلی سے سننا (Empathetic Listening)
ہمدلی کا مطلب ہے کہ سننے والا خود کو بولنے والے کی جگہ رکھ کر اس کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش کرے۔ بعض اوقات ہم کسی کا مسئلہ سنتے تو ہیں، مگر صحیح طور پر سمجھ نہیں پاتے، اور ایسی رائے دے دیتے ہیں جو غیر متعلق ہوتی ہے۔ اس سے بولنے والا الجھن یا بیزاری محسوس کر سکتا ہے۔
اگر سننے والا ایمانداری سے بولنے والے کی کیفیت کو محسوس کرے اور پھر مشورہ دے، تو یہ رویہ زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
سننے میں توازن
ہر گفتگو کا انداز ایک جیسا نہیں ہوتا۔ اگر بات معمولی یا روزمرہ نوعیت کی ہے، تو اس پر ہلکے پھلکے انداز میں سننا کافی ہے۔ وہاں اگر آپ غیر ضروری سنجیدگی یا ہمدردی دکھائیں، تو وہ بولنے والے کو غیر فطری لگ سکتا ہے۔
ایک اچھا سامع وہ ہے جو حالات کے مطابق ردِعمل دینا جانتا ہو۔ کب ہمدرد بننا ہے، کب ہمدل، کب سنجیدہ اور کب ہلکا پھلکا — یہ فیصلہ سمجھدار سامع ہی کر سکتا ہے۔
سننے کا فن ہماری زندگی کے ہر پہلو میں کارآمد ہے۔ ایک اچھا سننے والا نہ صرف دوسروں کو سمجھتا ہے بلکہ اپنی گفتگو کو بھی بہتر بناتا ہے۔ اگر ہم نے یہ فن سیکھ لیا تو ہم اپنی شخصیت، رشتوں اور معاشرتی کردار میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔
انسانی زندگی کی بنیاد حرکت اور سرگرمی پر ہے۔ جو قومیں جسمانی اور ذہنی طور پر متحرک رہتی ہیں، وہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ کھیل ان سرگرمیوں میں سب سے زیادہ مؤثر اور دلچسپ ذریعہ ہیں۔ خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے کھیل محض وقت گزاری نہیں بلکہ تربیت، صحت اور کامیابی کی راہیں کھولتے ہیں۔
آج کے نوجوان کمپیوٹر، موبائل اور ٹی وی اسکرین میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ اس طرزِ زندگی نے جسمانی سرگرمی کو کم کر دیا ہے جس کے نتیجے میں کم عمری میں ہی مختلف بیماریوں نے جنم لینا شروع کر دیا ہے۔ ان حالات میں کھیل نوجوان نسل کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی حیثیت رکھتے ہیں۔
کھیل بمقابلہ جمناسٹک
اکثر یہ سوال اٹھتا ہے کہ اگر جمناسٹک اور ورزش موجود ہیں تو پھر کھیلوں کی ضرورت کیوں ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جمناسٹک کا بنیادی مقصد جسم کو لچکدار اور مضبوط بنانا ہے، لیکن اس میں وہ جماعتی اور سماجی پہلو شامل نہیں ہوتے جو کھیلوں کا خاصہ ہیں۔
جمناسٹک ایک انفرادی سرگرمی ہے، جبکہ کھیل اجتماعی تعاون سکھاتے ہیں۔
جمناسٹک جسمانی صحت تک محدود ہے، مگر کھیل قیادت، حکمتِ عملی اور برداشت کی تربیت دیتے ہیں۔
کھیل انسان کو جیت اور ہار کے ساتھ جینے کا حوصلہ دیتے ہیں، جب کہ جمناسٹک صرف جسمانی کارکردگی تک محدود ہے۔
یوں کہا جا سکتا ہے کہ جمناسٹک فرد کو مضبوط بناتا ہے، لیکن کھیل فرد کو معاشرے کے لیے کارآمد بناتے ہیں۔
کھیلوں کی اقسام اور نوجوانوں کے لیے فوائد
کرکٹ
پاکستان میں کرکٹ کو بے مثال مقبولیت حاصل ہے۔ یہ کھیل نوجوانوں میں اتحاد، منصوبہ بندی اور صبر کو فروغ دیتا ہے۔ ایک کامیاب بلے باز یا باؤلر بننے کے لیے محنت، ریاضت اور ذہنی یکسوئی ضروری ہے۔
فٹ بال
فٹ بال دنیا کا سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل ہے۔ یہ کھیل رفتار، برداشت اور فوری فیصلہ سازی کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی سیکھتے ہیں کہ کس طرح ٹیم ورک کے ذریعے جیت ممکن ہے۔
ہاکی
ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے۔ اگرچہ آج اس کی مقبولیت میں کمی آئی ہے، مگر یہ کھیل تیز حکمتِ عملی اور ٹیم اسپرٹ کو بڑھاتا ہے۔ نوجوان نسل میں اگر ہاکی کو فروغ دیا جائے تو یہ ملک کی شناخت کو بھی بحال کر سکتا ہے۔
ٹینس
ٹینس زیادہ تر انفرادی کھیل ہے۔ یہ ارتکاز، خود اعتمادی اور برداشت کو جِلا بخشتا ہے۔ ایک نوجوان کھلاڑی کو بار بار کی ناکامی کے باوجود ہمت نہ ہارنے کا سبق ٹینس ہی سے ملتا ہے۔
والی بال
والی بال نوجوانوں میں تعاون، رابطے اور چستی پیدا کرتا ہے۔ یہ کھیل جسم کو بھی فعال رکھتا ہے اور دماغ کو بھی توانا کرتا ہے۔
کھیل اور نوجوان نسل کی تربیت
کھیل نوجوان نسل کے لیے محض ایک مشغلہ نہیں بلکہ مکمل تربیت ہیں۔ ان کے ذریعے نوجوان درج ذیل خوبیاں حاصل کرتے ہیں:
ڈسپلن: کھیل کے میدان میں قوانین کی پابندی سب سے پہلے سکھائی جاتی ہے۔
برداشت: ہار کا سامنا کرنے کے بعد بھی کھیل جاری رکھنا اصل کامیابی ہے۔
قیادت: ٹیم کا کپتان وہ نوجوان ہوتا ہے جو اپنے ساتھیوں کو حوصلہ دیتا ہے اور درست فیصلے کرتا ہے۔
دوستی اور ہم آہنگی: کھیل مختلف پس منظر رکھنے والے نوجوانوں کو قریب لاتے ہیں۔
کھیل اور جدید چیلنجز
آج کی نوجوان نسل کئی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جن میں موبائل اور انٹرنیٹ کی زیادتی، سوشل میڈیا کا دباؤ، اور پڑھائی کے بڑھتے ہوئے تقاضے شامل ہیں۔ ان حالات میں کھیل انہیں ایک صحت مند توازن فراہم کرتے ہیں۔
کھیل جسمانی طور پر موٹاپے اور دیگر بیماریوں سے بچاتے ہیں۔
کھیل ذہنی دباؤ کو کم کر کے سکون عطا کرتے ہیں۔
کھیل سوشل میڈیا کی مصنوعی دنیا کے بجائے حقیقی تعلقات پیدا کرتے ہیں۔
کھیل اور معاشرتی ہم آہنگی
کھیل صرف فرد کی نہیں بلکہ معاشرے کی بھی ضرورت ہیں۔ کھیل کے ذریعے نوجوان نسل میں برداشت، رواداری اور تعاون پیدا ہوتا ہے۔ یہ خصوصیات معاشرے کو پرامن اور خوشحال بنانے کے لیے لازمی ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر کھیل مختلف قوموں کو قریب لاتے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ یا اولمپکس جیسے مقابلے دنیا کے مختلف خطوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیتے ہیں۔ یہ وہ قوت ہے جو سیاست یا طاقت کے زور پر حاصل نہیں کی جا سکتی۔
کھیل اور مذہب کا تعلق
اسلام میں بھی صحت مند سرگرمیوں اور جسمانی مضبوطی پر زور دیا گیا ہے۔ "طاقتور مومن کمزور مومن سے بہتر اور اللہ کو زیادہ محبوب ہے۔" اس بات سے واضح ہوتا ہے کہ جسمانی طاقت کو دین میں بھی اہمیت دی گئی ہے، اور کھیل اس طاقت کو بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
کھیل اور معیشت
کھیل نہ صرف نوجوانوں کی صحت بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ کامیاب کھلاڑی نہ صرف اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ کھیلوں کی صنعت کے ذریعے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان میں اگر کھیلوں کو حکومتی سرپرستی ملے تو یہ ایک بڑی معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔
کھیل نوجوان نسل کے لیے زندگی کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ یہ نہ صرف جسم کو طاقتور بناتے ہیں بلکہ دماغ کو روشن، کردار کو مضبوط اور معاشرے کو خوشحال کرتے ہیں۔ جمناسٹک اور دیگر ورزشیں اگرچہ جسمانی صحت کے لیے اچھی ہیں، لیکن کھیل اپنی جامعیت کی وجہ سے زیادہ اہم ہیں۔
آج کے نوجوان اگر کھیلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو وہ نہ صرف خود کامیاب ہوں گے بلکہ قوم کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
پر شائع ہوا تھا۔ goodtobest.co یہ مضمون سب سے پہلے ہماری ویب سائٹ
انسان کی فطرت میں ہمیشہ سے یہ بات شامل رہی ہے کہ وہ دوسروں کے ساتھ میل جول رکھے، بات چیت کرے، خیالات کا تبادلہ کرے اور اپنی خوشی وغم میں دوسروں کو شریک کرے۔ یہی میل جول، چاہے چھوٹے پیمانے پر ہو یا بڑے پیمانے پر، وقت کے ساتھ ایک سماجی روایت اور ضرورت کی شکل اختیار کر گیا۔ دنیا کے مختلف خطوں میں اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مختلف مقامات بنائے گئے، جنہیں انگریزی میں "کلب" (Club) کہا جاتا ہے۔
کلب کی تاریخی جڑیں
اگر ہم کلب کی تاریخ میں جھانکیں تو اس کا تصور بہت پرانا ہے۔ یورپ میں قرونِ وسطیٰ کے دور سے ہی لوگوں کے پاس ایسی جگہیں موجود تھیں جہاں وہ مل بیٹھتے، پینے پلانے یا کھیلنے کی محفلیں جماتے۔ لیکن برطانیہ میں جدید کلب کلچر انیسویں صدی میں نمایاں طور پر پروان چڑھا۔ اس دور میں برطانوی گھروں کا ڈیزائن عام طور پر چھوٹا ہوتا تھا۔ خاص طور پر شہری علاقوں میں گھر صرف رہنے کے لیے بنائے جاتے — یعنی کھانے پینے اور سونے کے کمرے — جبکہ مہمان داری یا بڑے اجتماع کے لیے گنجائش کم ہوتی تھی۔
اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے برطانوی سماج میں "کلب ہاؤس" یا ملاقات کی جگہ کا تصور ابھرا۔ یہ ایک ایسی عمارت یا کمرہ ہوتا تھا جہاں مقامی لوگ جمع ہو سکتے تھے، بات چیت کرسکتے تھے، کھیل کھیل سکتے تھے یا کھانے پینے کا اہتمام کر سکتے تھے۔ برطانوی حکومت نے اس روایت کو فروغ دیا اور اکثر ایسے کلب سب کے لیے کھلے رکھے جاتے تھے، بشرطیکہ آپ ان کے ممبر ہوں۔
برصغیر میں کلب کا تعارف
جب برطانیہ نے برصغیر پر حکومت کی تو اپنے ساتھ کئی سماجی اور ثقافتی روایات بھی لے آیا۔ انہی میں کلب کا تصور بھی تھا۔ انگریز افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے بڑے شہروں میں "کلب" بنائے گئے، جہاں وہ شام کا وقت گزارتے، کھیلوں میں حصہ لیتے، محفل موسیقی یا رقص کا اہتمام کرتے اور ایک دوسرے سے میل جول بڑھاتے۔
چونکہ انگریز زیادہ تر بڑے بنگلوں میں رہتے تھے، لیکن مقامی لوگوں کے گھروں میں عام طور پر زیادہ جگہ نہیں ہوتی تھی، اس لیے کلب عام لوگوں کے لیے بھی ایک پرکشش سہولت بن گئی۔ جلد ہی بڑے شہروں جیسے لاہور، کراچی، کلکتہ اور دہلی میں "جمخانہ کلب" اور "ریذیڈنسی کلب" جیسی عمارتیں قائم ہو گئیں، جہاں نہ صرف انگریز بلکہ اعلیٰ طبقے کے مقامی لوگ بھی آنا شروع ہوگئے۔
دیہی علاقوں میں مقامی متبادل
ہمارے پنجاب میں بھی اس طرح کی "ملاقات گاہیں" صدیوں سے موجود رہی ہیں، اگرچہ ان کا نام کلب نہیں تھا۔ گاؤں کی گلیوں یا کھیتوں کے کنارے "ٹھڑا" یا "چبوترہ" بنے ہوتے تھے، جہاں شام کے وقت مرد حضرات اکٹھے ہو کر گپ شپ کرتے، ملکی حالات پر بحث کرتے یا ہلکی پھلکی چائے اور لسی سے تواضع کرتے۔ یہ سادہ میل جول کی جگہیں نہ صرف سماجی روابط کو مضبوط کرتی تھیں بلکہ گاؤں کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی تھیں۔
کلب کی سہولیات اور آسانیاں
کلب کا سب سے بڑا فائدہ یہ تھا کہ آپ کو کھانا پکانے یا برتن دھونے کی فکر نہیں ہوتی تھی۔ آپ بس اپنے دوستوں کے ساتھ وہاں پہنچیں، آرڈر دیں، کھائیں پیئیں خرچہ ادا کریں اور واپس آ جائیں۔ اس سہولت نے ان جگہوں کو شہری زندگی کا لازمی حصہ بنا دیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان میں کھیل کے میدان، لائبریریاں، سویمنگ پول، جم اور تقریبات کے لیے ہال بھی شامل ہو گئے۔
موجودہ دور میں کلب کی صورتِ حال
اگر ہم آج کے کلب کلچر کو دیکھیں تو اس میں کافی تبدیلی آ چکی ہے۔ ایک طرف کچھ کلب اب بھی عام لوگوں کے لیے کھلے ہیں، لیکن اکثر کلب خاص طبقے تک محدود ہو چکے ہیں۔ ممبرشپ کے لیے بھاری فیس اور سفارش کی ضرورت ہوتی ہے۔ کئی جگہوں پر کلب صرف "ایلیٹ کلاس" کے لیے رہ گئے ہیں، جہاں عام آدمی کا داخلہ ممکن ہی نہیں۔
مزید یہ کہ آج کے دور میں کلب کا استعمال سماجی میل جول کے بجائے زیادہ تر تقریبات، خاص طور پر شادی بیاہ کی دعوتوں تک محدود ہو گیا ہے۔ بڑے شہروں میں لوگ اپنے گھروں میں بڑی تقریبات نہیں کر سکتے، اس لیے ہوٹل یا کلب بک کروا لیتے ہیں۔ اس طرح کلب ایک طرح سے "ایونٹ وینیو" بن چکے ہیں۔
سماجی اثرات
کلب کلچر کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ یہ جگہیں میل جول اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرتی ہیں، لیکن اس کے منفی پہلو بھی ہیں۔ ایک تو طبقاتی فرق بڑھ گیا ہے کیونکہ اب یہ جگہیں زیادہ تر ان لوگوں کی پہنچ میں ہیں جن کے پاس دولت یا اثر و رسوخ ہے۔ دوسرا، مقامی میل جول کی پرانی روایت، جیسے محلے کا "ٹھڑا" یا گاؤں کی بیٹھک، آہستہ آہستہ ختم ہوتی جا رہی ہے۔
مغرب اور مشرق کا فرق
مغربی ممالک میں کلب آج بھی کھیل، ثقافتی سرگرمیوں اور کمیونٹی ورک کے مراکز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہاں کلب صرف امیر طبقے کے لیے نہیں بلکہ کمیونٹی سینٹرز کی شکل میں ہر فرد کے لیے کھلے ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس ہمارے ہاں کلب زیادہ تر تجمل پسندی اور اسٹیٹس کی علامت بن چکے ہیں۔
مستقبل کا رجحان
جدید دور میں سوشل میڈیا اور آن لائن رابطوں نے بھی کلب کلچر کو متاثر کیا ہے۔ اب لوگ آمنے سامنے بیٹھنے کے بجائے ورچوئل میٹنگز کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ روایتی کلبوں کو اپنی بقا کے لیے مزید سہولیات اور جدید آئیڈیاز اپنانا ہوں گے، جیسے کو ورکنگ اسپیس، ٹیکنالوجی زون، یا فیملی فرینڈلی انٹرٹینمنٹ۔
کلب کا تصور ایک پرانی مگر اہم سماجی ضرورت کا نتیجہ ہے۔ چاہے وہ برطانیہ کی چھوٹی رہائشوں سے شروع ہوا ہو یا پنجاب کے "ٹھڑے" سے، اس کا بنیادی مقصد ہمیشہ میل جول اور تعلقات کا فروغ رہا ہے۔ مگر آج کے دور میں یہ جگہیں اپنے اصل مقصد سے کچھ ہٹ چکی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کلب کو دوبارہ ایک ایسی جگہ بنایا جائے جہاں ہر طبقے کا فرد بغیر کسی خوف یا رکاوٹ کے آ سکے، بات چیت کر سکے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے سکے۔
پر شائع ہوا تھا۔ goodtobest.co یہ مضمون سب سے پہلے ہماری ویب سائٹ
ہم میں سے ہر شخص کی زندگی میں کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جو ہمیں پریشان کرتا ہے۔ کوئی ہمیں سمجھتا نہیں، کوئی ہماری بات کا جواب نہیں دیتا، کوئی ضدی ہے، کوئی خود غرض، کوئی ایسا ہے جو ہر وقت تنقید کرتا رہتا ہے۔ اکثر ہم دل ہی دل میں سوچتے ہیں کہ کاش یہ شخص بدل جائے، کاش یہ اپنے رویے کو بہتر بنا لے۔ مگر کیا کبھی ہم نے یہ سوچا ہے کہ دوسروں کو بدلنا اتنا آسان کیوں نہیں ہوتا؟ اور اگر وہ بدل بھی جائیں، تو کیا واقعی ہماری زندگی آسان ہو جاتی ہے؟
اصل حقیقت یہ ہے کہ دوسروں کو بدلنے سے زیادہ آسان، زیادہ پائیدار اور زیادہ مؤثر کام خود کو بدلنا ہے۔ یہ بات سننے میں عام سی لگتی ہے مگر زندگی کے تجربے سے پتہ چلتا ہے کہ یہی سب سے بڑا سچ اور حقیقت ہے۔
دوسروں کو بدلنے کی خواہش کیوں پیدا ہوتی ہے؟
جب کوئی ہمیں تکلیف دیتا ہے، ہماری بات کا خیال نہیں رکھتا یا ہمارے اصولوں کے خلاف چلتا ہے، تو فطری طور پر ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا رویہ بدلے۔ ہمیں لگتا ہے اگر وہ شخص بدل گیا تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
مثلاً:
اگر شوہر تھوڑا نرم دل ہو جائے تو گھر میں سکون آ جائے گا۔
اگر بیٹا محنت کرنے لگے تو زندگی سدھر جائے گی۔
اگر باس تھوڑا انصاف کرے تو نوکری اچھی لگے گی۔
اگر معاشرہ بدل جائے تو ہمیں انصاف ملے گا۔
یہ سب خواہشات غلط نہیں، مگر یہ سوچنا کہ ہم دوسروں کو بدل سکتے ہیں، حقیقت سے دور ہے۔ انسان صرف اپنے اندر تبدیلی لا سکتا ہے۔ دوسرے کے خیالات، عادتیں اور رویے ہماری مرضی سے نہیں چلتے۔
دوسروں کو بدلنے کی کوشش کی قیمت
جب ہم بار بار دوسروں کو بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہم اپنے اندر ایک بے چینی پیدا کر لیتے ہیں۔ ہم مایوس ہونے لگتے ہیں، ہمیں لگتا ہے کہ دنیا غیر منصفانہ ہے۔ ہم شکایت کرنے والے، تلخ اور بعض اوقات سخت مزاج بن جاتے ہیں۔ یہی کیفیت رشتوں میں دوریاں پیدا کرتی ہے۔ آخر میں ہم تھک جاتے ہیں، مگر دوسرا انسان ویسا ہی رہتا ہے۔ مثلاً اگر کوئی ہمیشہ دیر سے آتا ہے، اور ہم ہر بار غصہ کرتے ہیں، سمجھاتے ہیں، مگر وہ نہیں بدلتا، تو آخرکار ہم خود تھک جاتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہم اپنا رویہ بدل لیں جیسے کہ "میں اس کی عادت کو سمجھ کر اپنے پلان بدل لوں گا" تو ہم کم غصہ کریں گے، کم مایوس ہوں گے اور زیادہ پُرسکون رہیں گے۔
خود کو بہتر بنانے کی طاقت
خود کو بہتر بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کی غلطیوں کو برداشت کرتے رہو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی سوچ، اپنے ردعمل، اپنے رویے اور اپنی ترجیحات پر قابو پائیں۔ یہ سمجھیں کہ دنیا ہمارے قابو میں نہیں، لیکن اپنا ذہن، اپنا مزاج اور اپنا عمل ہمارے قابو میں ضرور ہے۔
جب ہم خود کو بہتر بناتے ہیں تو:
ہم غیر ضروری بحثوں سے بچ جاتے ہیں۔
ہمیں اپنی زندگی پر زیادہ کنٹرول محسوس ہوتا ہے۔
ہم زیادہ پرامن، متوازن اور مثبت بنتے ہیں۔
دوسروں کے لیے بھی ایک مثال بن جاتے ہیں۔
ایک سادہ اصول یاد رکھیں:
“اگر تم چاہتے ہو کہ تمہاری دنیا بہتر ہو جائے، تو اپنی عادتوں کو بہتر بنا لو۔ دنیا خود بخود بہتر لگنے لگے گی۔”
ذہنی سکون کا راز
انسان کا سب سے بڑا دشمن اکثر اس کے اپنے خیالات ہوتے ہیں۔ جب ہم دوسروں سے بہت زیادہ توقع رکھتے ہیں تو ذہنی سکون ختم ہو جاتا ہے۔ توقعات کم کرو، قبولیت بڑھاؤ۔ اس بات کو قبول کرو کہ کچھ لوگ تمہارے معیار پر پورا نہیں اتریں گے، مگر ان کے ساتھ رہنا زندگی کا حصہ ہے۔
جس دن ہم نے یہ سمجھ لیا کہ "میں اپنے ردعمل کا مالک ہوں، دوسرے کے عمل کا نہیں" — اس دن سے زندگی آسان ہو جائے گی۔ غصہ کم، صبر زیادہ، اور دل کا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے۔
رشتے کیسے بہتر ہوتے ہیں؟
اکثر جھگڑے اسی وجہ سے ہوتے ہیں کہ ہم دوسرے سے اپنی مرضی کے مطابق برتاؤ چاہتے ہیں۔ اگر ہم صرف یہ بدل لیں کہ "میں دوسروں سے وہی امید رکھوں گا جو وہ دے سکتے ہیں" تو رشتے سنبھل جاتے ہیں۔ مثلاً اگر کسی دوست میں وقت کی پابندی نہیں، تو اس کے ساتھ ملاقات طے کرنے کے بجائے فون پر بات کر لی جائے۔ اگر کوئی گھر کا فرد سخت مزاج ہے تو اس کی بات کو ذاتی نہ لیا جائے۔ یہ چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں بڑے رشتوں کو بچا لیتی ہیں۔
خود احتسابی کا پہلو
کبھی رک کر سوچنا چاہیے: کیا میں خود دوسروں کے لیے آسان انسان ہوں؟ کیا میں بھی وہی غلطیاں نہیں کرتا جو مجھے دوسروں میں بری لگتی ہیں؟ کیا میں خود برداشت، سمجھ اور احترام دکھاتا ہوں؟
اکثر ہم دوسروں کی خامیوں کو بڑھا چڑھا کر دیکھتے اور بیان کرتے ہیں مگر اپنی خامیوں سے نظریں چرا لیتے ہیں۔ خود احتسابی ہمیں عاجزی، سمجھداری اور سکون دیتی ہے۔ یہی اصل خود کو بہتر بنانا ہے۔
تبدیلی اندر سے شروع ہوتی ہے
دنیا کی ہر بڑی تبدیلی اندر سے شروع ہوئی ہے۔ جو شخص خود کو بدل لیتا ہے، وہ اپنے ماحول پر بھی اثر ڈالنے لگتا ہے۔ مسکراتا ہوا چہرہ، نرمی سے بھرا رویہ، برداشت اور سمجھداری یہ سب چیزیں آہستہ آہستہ دوسروں کو متاثر کرتی ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے ہم نے دوسروں کو بدل دیا، مگر حقیقت میں ہم نے صرف اپنی روش بدلی ہوتی ہے۔
عملی مثالیں
اگر کوئی تمہاری تعریف نہیں کرتا، تو اپنی تعریف خود کرو۔
اگر کوئی تمہیں کم اہمیت دیتا ہے، تو خود کو زیادہ اہمیت دو۔
اگر کوئی تمہیں نیچا دکھاتا ہے، تو اپنی قابلیت بڑھاؤ۔
اگر کوئی تمہارا ساتھ نہیں دیتا، تو خود اپنے ساتھی بن جاؤ۔
زندگی دوسروں کے بدلنے سے نہیں، بلکہ اپنی سوچ کے بدلنے سے بہتر ہوتی ہے۔
آخر میں بات سادہ سی ہے: “دوسروں کو بدلنا ایک خواب ہے، خود کو بدلنا ایک حقیقت۔” جو انسان خود کو بہتر بناتا ہے، وہ حالات سے نہیں ہارتا، بلکہ ہر حال میں خود کو سنبھال لیتا ہے۔ وہ دوسروں کے رویوں کا غلام نہیں رہتا، بلکہ اپنی خوشی کا مالک بن جاتا ہے۔ جب ہم اپنی ذات کے اندر روشنی جلاتے ہیں، تو وہ روشنی آہستہ آہستہ دوسروں تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ یہی اصل کامیابی، یہی اصل سکون، اور یہی اصل تبدیلی ہے۔
ہم آپ کی رائے جاننا چاہیں گے کے آپ ہماری بات سے کتنا اتفاق کرتے ہیں۔ کومنٹ میں شئیر کریں
پر شائع ہوا تھا۔ goodtobest.co یہ مضمون سب سے پہلے ہماری ویب سائٹ